جھوٹی اطلاع پرتعاقب، پولیس وین کی ٹکر اور تشددسے معمر شخص جاں بحق

Jul 12, 2021

دائرہ دین پناہ، کوٹ ادو (نامہ نگار، خبر نگار) جھوٹی اطلاع پرتعاقب، پولیس وین کی ٹکر اور تشددسے معمر شخص جاں بحق تفصیل کے مطابق نواحی علاقہ چک 516 ٹی ڈی اے کے رہائشی دو سگے بھائیوں چوہدری سرفراز احمد اور چوہدری ریاض احمد پسران محمد شفیع قوم جٹ کے درمیان زمین کا تنازع تھا۔ تلخ کلامی پرریاض احمد نے 15 پر کال کرکے مسلح ڈاکوؤں کی اطلاع کردی جس پر ایس ایچ او دائرہ دین پناہ مہرعبدالعزیز اورتفتیشی افسرغلام صدیق گجر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ دوسرکاری گاڑیوں سے جائے وقوعہ پر پہنچے اور بغیر تصدیق کیے دونوں موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا کے پیچھے گاڑیاں لگا دیں۔خوف سے دونوں موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا موٹر سائیکل بھگا کر جارہے تھے کہ پولیس تعاقب کے دوران پولیس گاڑی کی ٹکر سے سرمیں چوٹ لگنے سے 70 سالہ بزرگ زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے پرائیوٹ لوگوں کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔حالت غیر ہونے اور بے ہوش ہونے پر پولیس فوری طور پر ہسپتال لے گئی مگر بزرگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔بزرگ کی ہلاکت کے بعد پولیس فوری طور پرغائب ہوگئی۔جبکہ مقتول سرفراز کے بیٹے محمد اجمل نے اپنے دیگر اہل خانہ کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی اورکہا کہ پولیس نے ہمارے چچا سے بھاری رشوت کے عوض ہمارے موٹر سائیکل پر گاڑی چڑھائی جس سے والد زخمی ہوکر گر گئے۔بعدازاں 70 سالہ زخمی بزرگ کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ہلاکت واقع ہوئی۔حادثے پر پولیس ڈرائیور پر تھانہ دائرہ دین پناہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا، سب انسپکٹر صدیق کو معطل کر کے کلوز لائن بھی کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کو ڈاکووں کی غلط اطلاع دینے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جا رہا ہے،اس حوالے سے ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر، قانون کی خلاف ورزی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔

مزیدخبریں