لاہور(سٹی رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان نے بہادرانہ اور دوٹوک موقف اختیار کیاہے،ان کے اس اقدام سے نہ صرف ملک و قوم کا وقار بلند ہوا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے جس سے ہم سب کا سر فخر سے بلند ہو ا ہے۔اپنے ٹوئٹ میں سینئروزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان میں بھی خوشحالی آئے گی اور خطے میں حالات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں افغان مسئلے کے حل کے لئے مثبت کوششیں جاری ہیں لیکن واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کسی طور بھی کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 4عشروں میں پاکستان کو افغانستان کی جنگ کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،وزیر اعظم عمران خان کا افغان جنگ کے حوالے سے شروع دن سے ہی جو موقف تھا وہ آج بھی اس پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک و قوم کو با وقار انداز میں آگے بڑھانے کا مشن جاری رکھا ہوا ہے جس کے لئے اقوام متحدہ سے لے کر ہر عالمی فورم پر وہ اس کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایک مرتبہ پھر افغانستان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں کے باعث پاکستان خطے میں اہم مقام حاصل کر چکا ہے ۔
افغانستان کے مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان نے بہادرانہ اور دوٹوک موقف اختیار کیاہے: سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان
Jul 12, 2021 | 19:19