پاکستان ‘ قازقستان کے مابین پروازوں کا خیرمقدم کرتے ہیں:عرفان شیخ

Jul 12, 2023

لاہور(کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ نے پاکستان اور قازقستان کے مابین براہ راست ہوائی پروازوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ دو طرفہ معاشی تعاون کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔یہ قازقستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ باہمی کاروبار اور معاشی سرگرمیاں میں اضافہ کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے مزید کہاکہ براہ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کے امکانات میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ لاہور پر قازقستان کی ائیرلائن ایس سی اے ٹی کی افتتاحی پرواز کی تقریب کے موقع پر کیا۔اس موقع پر سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار، قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن،ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدرشہلا جاوید اکرم اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔عرفان اقبال شیخ نے پاکستان اورقازقستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوو¿ں پر اس کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست ہوائی پرواز وں کا آغاز ایک اہم تبدیلی لائے گا، جس سے تجارت میں اضافہ،ثقافتی تبادلے اور باہمی مفاہمت کو فروغ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قازقستان اور پاکستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریگا۔نقل و حمل کے آسان اور موثر ذرائع فراہم کرتے ہوئے یہ براہ راست پرواز بلاشبہ دونوں ممالک کے تاجروں، سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو نئے مواقع تلاش کرنے، اپنے آپریشنز کو وسعت دینے اور مضبوط اقتصادی تعلقات استوار کرنے میں مدددے گی۔عرفان اقبال شیخ نے اقتصادی اہمیت کے علاوہ، قازقستان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ براہ راست ہوائی پرواز دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ باہمی تعلقات میں سہولت فراہم کرے گی، جس سے وہ ایک دوسرے کے متحرک ثقافتی ورثے میں اپنے آپ کومتعارف کرا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایس سی اے ٹی ائیر لائنز الماتے اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار ہر بدھ اور ہفتے کو پرواز چلائے گئی۔ائیر لائن کی جانب سے اس سیکٹر پر بوئنگ 737میکس 8طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں