کراچی‘لاہور(کامرس رپورٹر) انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے گلوبل سپلائی چین کے لیے دروازے کھولتے ہوئے پاکستان کے اولین آٹو مینوفیکچررز کی حیثیت سے ٹویوٹا مصر کو پاکستان سے اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کا معاہدہ طے کرکے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا ہے جس کے تحت ایکسپورٹ کا آغاز جولائی 2023سے کیا جائے گا۔ ٹویوٹا مصر کو نیم تیار شدہ خام مال کی پہلی کھیپ کی روانگی پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی کی جانب سے ایکسپورٹ کے نئے عہد کا آغاز ہے اور اس سمت میں اس سلسلے کو آگے بڑھانے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ٹویوٹا مصر کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان میں آٹو انڈسٹری کی ترقی کے منصوبہ ”آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی (اے آئی ڈی ای پی) 2021-26کے تقاضوں پر پورا اترنے کا آغاز ہے۔ یہ ایک اہم سنگ میل ہے جس سے نہ صرف انڈس موٹر کمپنی کی ایکسپورٹ کی صلاحیت کو فروغ دینے کے ساتھ انڈس موٹر کمپنی کے کوالٹی کے معیارات کا بھی اعتراف ہے جس سے پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی ترقی میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔ اس دن کو یادگار بنانے کے لیے انڈس موٹر کمپنی کے پورٹ قاسم پلانٹ پر ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو علی اصغر جمالی نے کہا کہ ”میک ان پاکستان“ کے خواب کی انٹرنیشنل سرحدوں سے باہر تکمیل نہ صرف ہمارے بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک عظیم دن ہے۔ٹویوٹا کی گلوبل سپلائی چین میں شمولیت آئی ایم سی کے پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ابھارنے اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے اس کے عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔