ایکنک : زرعی ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی ، اسندادا پولیو پلان سمیت 980 ارب کے منصوبے منظور 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایکنک نے ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے، مہمند ڈیم سے قومی گرڈ میں 800میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کے پی سی ون اور پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان سمیت کئی اہم منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی پنجاب، خیبرپی کے، بلوچستان اور سندھ میں وزریراعظم کے زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر 377 ارب روپے کی لاگت آئے گی اور یہ تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ اجلاس میں خیبر پی کے حکومت کے ”رورل انویسٹمنٹ اینڈ انڈسٹریل سپورٹ پراجیکٹ“ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی، منصوبہ کے تحت خیبر پختونخوا کے اضلاع ضم شدہ اضلاع میں سرمایہ کاری اور صنعتی شعبہ کو فروغ دیا جائے گا، منصوبہ پر 110.700 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں عالمی بینک کی جانب سے 300 ملین ڈالر اورکے پی حکومت کی جانب سے 29ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی بھی شامل ہیں۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ اجلاس میں حکومت سندھ کے ”سندھ سولر انرجی پراجیکٹ“ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارت توانائی کے مہمند ڈیم سے قومی گرڈ میں 800میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کی پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر 14319.18 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں 6 ارب روپے کی غیرملکی امداد شامل ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبہ کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع نوشہرہ، پشاور اور مہمند میں یہ منصوبہ این ٹی ڈی سی آگے بڑھائے گی۔ ایکنک کے اجلاس میں وزارت مواصلات کے کالاشاہ کاکو ایگزٹ سے کے ایل ایم ٹو ملتان روڈ لاہور بائی پاس منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی۔ لاہور اور شیخوپورہ کے اضلاع میں یہ منصوبہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی مکمل کرے گی۔ یہ منصوبہ سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ وزارت قومی صحت خدمات، صوبائی وزارت صحت، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے تعاون سے پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان کی منظوری بھی دی گئی۔ اس منصوبہ پر 1784.90ملین روپے کی لاگت آئے گی، ایک ماہ کی مہمان حکومت نے 900 ارب کے منصوبے منظور کر لئے۔
ایکنک 

ای پیپر دی نیشن