سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر جمع کرادیئے ، اسحاق ڈار : ڈالر، سونا ، سٹاک مارکیٹ 14 ماہ کی بلند سطح پر 

Jul 12, 2023

کراچی اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) انٹربنک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد اچانک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربنک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 1.23 کمی ہوئی جس کے بعد انٹربنک میں ڈالر 278 روپے 57 پیسے پر بند ہوا۔ کاروبار کے آغاز پر ایک روپے 70 پیسے اضافے کے بعد انٹربنک میں ڈالر 281 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انٹربنک میں ڈالر 279 روپے 80 پیسے پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 281 روپے پر مستحکم رہی۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 665 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 45 ہزار 250 پوائنٹس پر 14 ماہ بعد پہنچ گیا ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 4500 روپے کم ہو گئی۔ فی تولہ سونا دو لاکھ چار ہزار 500 روپے کا ہو گیا۔ دس گرام سونا 3858 روپے سستا ہوکر ایک لاکھ 75 ہزار 326 روپے کا ہے۔ دریں اثناءوفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کروا دئیے ہیں، آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں آئیں گی۔ منگل کو میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ نے کہا کہ چند ہفتے قبل سعودی عرب نے پاکستان کو دو ارب ڈالر کی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ الحمدللہ! سعودی عرب کی جانب سے یہ معاونت پاکستان کو موصول ہوگئی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ سعودی عرب کی جانب سے مزید دو ارب ڈالر ملنے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 11.67 ارب ڈالر کے قریب ہو گئے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف سید عاصم منیر، پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے سعودی فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے حقیقی بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔ معاشی استحکام آچکا ہے۔ اب ہمیں پائیدار معاشی نمو کے سفر کو آگے لیکر جانا ہے۔ اسحاق ڈار نے عوام کو بڑی معاشی خوشخبری سناتے ہوئے 2025ءتک مہنگائی کی شرح 7 فیصد ہونے کی پیش گوئی کر دی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو کل آئی ایم ایف بورڈ اجلاس منظوری کے چوبیس گھنٹوں کے اندر 1.19 بلین ڈالر مل جائیں گے۔ پاکستان 2023ءمیں انشاءاللہ جی 20 کلب میں شامل ہو جائے گا۔ پہلا مقصد پاکستان کو 24 ویں معاشی قوت بنانا ہے۔ 2017ءمیں پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈز کا منصوبہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے تباہ ہوا۔ آئی ایم ایف کے عزائم سے متعلق بیان مختلف ممالک نے اپروچ کیا۔ دو سالوں میں مہنگائی کی شرح 7 فیصد پر آ جائے گی۔ اب وقت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو معاشی روڈ میپ اور اکانومی چارٹر پر دستخط کرناہوں گے۔ 

ڈالر اسحاق ڈار 

مزیدخبریں