رونے سے کام نہیں چلے گا، ایسا کیا تو تباہی مقدر ، وزیراعظم 

Jul 12, 2023

اسلام آباد،پشاور ( نامہ نگار خصوصی، بیورورپورٹ )وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان جلد اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو گا، غربت کا خاتمہ ہو گا ، مہنگائی میں بتدریج کمی آئے گی، آئی ایم ایف کا پروگرام ہم نے خوشی سے قبول نہیں کیا،زرعی شعبہ پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے، زرعی شعبے کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کےلئے ہم نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ،سفارش اور کرپشن نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش اور اقرباپروری کی بنیاد پر نہیں دیا جائے گی،پاکستان آئندہ چند سال میں خطے میں خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہو گا، سعودی عرب نے مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیاہے، 2 ارب ڈالر کی فراہمی پر سعودی عرب کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو یہاں فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کی افتتاح اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر خیبرپخوا حاجی غلام علی، نگران وزیراعلی اعظم خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی انجینئر امیر مقام،معاون خصوصی عطا تارڑ اور چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ پنجاب سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز ہوا تھااس سے لیپ ٹاپ حاصل کرنےوالے طلبا و طالبات میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ میرابس چلتا تو ایک لاکھ کی بجائے 10 لاکھ لیپ ٹاپ دے دیتا لیکن پچھلے ایک سال میں بہت سی مشکلات کاسامنا رہا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں دوبارہ مجبورا آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ آئی ایم ایف کا پروگرام ہم نے خوشی سے قبول نہیں کیا۔ اگر ہم نے قرضوں سے جان چھڑانی ہے ، بھکاری پن ختم کرناہے تو اپنے پاﺅں پہ ملک کو کھڑا کرنا ہو گا۔ ملک کو اللہ تعالی نے معدنیات اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ بس کام کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ سعودی عرب سے بھی ہمیں 2 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں ۔ پاک فوج کے سربراہ جنر ل عاصم منیر کابھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے بہت کام کیا۔زراعت پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ رونے دھونے سے نہیں مسلسل محنت اور جدوجہد سے ملک ترقی کرتے ہیں۔رونے دھونے کچھ نہیں ہوگا، صرف مقدر میں تباہی ہوگی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کی مختلف یونیورسٹیوں کے ہونہار طلباو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے لئے تقریب کاانعقاد کیاگیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ سے متعلق طلبا کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی سے ملاقات کے دوران کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اقوام عالم میں پاکستان کا لوہا منوانا ہے تو مردوں اور خواتین کو ملکر پاکستان کی ترقی میں حصہ لینا پڑے گا ، اس کے لئے مواقعے اور سہولیات حکومت فراہم کرے گی، ہمیں ماضی میں جھانکنے کی بجائے اس سے سبق حاصل کرتے ہوئے جاندار قوم کے طو پر آگے بڑھنا ہوگا ، شہدا کے خانوں کی تکریم کے لئے ہم جتنا بھی کریں وہ کم ہوگا۔وہ منگل کو یہاں خواتین کو با اختیار بنانے کے پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ ، معاون خصوصی امور نوجوانان شیزہ فاطمہ ، اراکین پارلیمنٹ ، نامور خواتین کی کثیر تعداد تقریب میں شریک تھی ۔ اب رونے دھونے سے کام نہیں چلے گا ، ہمیں اپنے حالات کا سنبھالنے کے لئے ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا گا ، ہمیں ایک جاندار قوم کی طرح آگے بڑھنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والی خواتین نے ملک کا نام روشن کیا ، کسی نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا تو کسی نے پاکستان کی سیاست میں اپنا نام کمایا ، عظیم اذہان رکھنے والوں کو مواقعے دیکر پر بھرپور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں ہماری بیٹوں کی کثیر تعداد پڑھتی ہے ، سرکاری میڈیکل ادارے میں 8،9 لاکھ لگتا تھا ،اب وہ فیس 15 لاکھ تک پہنچ چکی ہے ، اتنی مہنگی تعلیم حاصل کرنے بعد بعض خواتین گھر بیٹھ جاتیں ہیں، انھیں بھی خدمت کے میدان میں لانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جھانکنے کی بجائے اس سے سبق حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی ۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں دوارب ڈالرڈیپازٹ کرنے پرسعودی عرب کی قیادت اوربرادرعوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاہے کہ سعودی عرب کی جانب سے معاونت کی فراہمی سے پاکستان کی اقتصادی بحالی وبہتری کے ضمن میں برادرممالک اوربین الاقوامی برادری کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی ہورہی ہے۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے وہ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں دوارب ڈالرڈیپازٹ کرنے پرسعودی عرب کی قیادت اوربرادرعوام کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کیلئے مالیاتی معاونت یقینی بنانے پر وہ بالخصوص اپنے بھائی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔ جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور باہمی مفاد کے معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور اقتصادی ترقی کے لئے کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے چین کی قیادت کے پختہ عزم کو سراہا۔ پاکستان اور چین کے تعلقات میں بہتری اور اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عالمی ترقیاتی اقدام ا ور سی پیک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی ،خودمختاری کے تحفظ ،مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک اور انسداد دہشت گردی کیلئے آئی بی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداپر قوم کو فخر ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل فواد اسد اللہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم کو انٹیلی جنس بیورو کی ایک سال کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے آئی بی کی ایک سال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیرعظم نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ملکی اور غیرملکی عناصر سے خطرات کے مقابلے میں آئی بی کا کردار قابل تحسین ہے ، قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں آئی بی نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔آخر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کرانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی، توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ 

مزیدخبریں