کراچی(کامرس رپورٹر)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے ایک انکوائری کی تکمیل پر یوریا مینوفیکچررز اورفرٹیلائزرزمینوفیکچررز آف پاکستان ایڈوائزری کونسل کےخلاف کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 30کے تحت کارروائی شروع کرنے کی سفارش کی ہے۔ انکوائری ٹیم کے مطابق یوریا مینوفیکچررز اور ایف ایم پی اے سی یوریا کے 50 کلو کے بیگ کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس کو 1768روپے پر فکس کر نے کا اعلان کر کے معاہدہ جات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔یہ انکوائری ایف ایم پی اے سی اور اس کے ممبران کی جانب سے 26 نومبر 2021 کوایک اشتہار جاری کرنے پر شروع کی گئی جس میں یوریا کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس کا اعلان کیا گیا تھا۔ جب کہ اس وقت ملک میں یوریا کی قلت تھی اور قیمتیں بڑھ رہی تھیں۔انکوائری رپورٹ کے مطابق ایف ایم پی اے سی اور اس کے ممبران کی جانب سے جاری کیا گیا اشتہاربادی النظر میں ایسوسی ایشن کی جانب سے کئے گئے فیصلے کی جانب اشارہ کرتا ہے جس میں یوریا فرٹیلائزر کی قیمتِ فروخت کو بیان کیا گیا ہے۔اس بات کو بھی دیکھا گیا کہ اس اعلان شدہ قیمت کو یوریا کمپنیوں نے لاگو بھی کر دیا، جس سے یہ خدشات ابھرتے ہیں کہ کیا یہ محض اتفاق تھا یاساز باز کے ساتھ کی جانے والی سرگرمی۔