دستکار میلہ 13جولائی کو ہو گا:ایس ایم تنویر

Jul 12, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام 13جولائی کو فیلٹیز ہوٹل میں دستکار میلہ منعقد ہوگا اور وزیر اعلیٰ پنجاب اس کا افتتاح کریں گے۔ دستکار میلے میں صوبے بھر سے دستکار، کاریگر اور ہنر مند شرکت کریں گے۔دستکاروں کو اپنے فن کے جوہر دکھانے کا موقع میسر آئے گا۔ میلے میں دستکار لائیو پرفارمنس کا مظاہر کریں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر سے ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عاصم جاوید نے انتظامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دستکار میلے کے انعقاد کا مقصد ہنر مند اور دستکاروں کے فن کو سراہنا، ان کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر پہچان ہے تاکہ ہنرمندوں اور دستکاروں کی ترویج اور ہنر کو فروغ دیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہینڈی کرافٹ شاپ کے سٹال پر ہینڈی کرافٹس 20 فیصد کم قیمت پر ملیں گی۔ دستکار میلے میں خطاطی اور مصوری کے مقابلے ہوں گے، جیتنے والوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملک کے سافٹ امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں دستکاروں کا کلیدی کردار ہے۔ دستکار ہماری پہچان ہیں اور پنجاب حکومت دستکاری کے فن کی ترویج کے لئے ہر ضروری اقدام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہنر مندوں کی حوصلہ افزائی کے لئے جلد نئی سکیم لارہی ہے۔ دستکاروں کی تخلیق کے شاہکار سفارت خانوں کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کرائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ دستکاریوں میں پنجاب کی ثقافت کے رنگ جھلکتے ہیں۔ پنجاب کی دستکاریاں دنیا بھر میں مشہور ہیں اور انہیں پسند کیا جاتا ہے۔ اس لیے دستکاروں کے فن کو کسی صورت مرنے نہیں دیں گے۔ 

مزیدخبریں