سوہنی مہینوال پر مبنی شاہکار فن پارے کو سو برس مکمل

لاہور(کلچرل رپورٹر)عالمی شہرہ آفاق مصوراستاد اللہ بخش کی مشہور و معروف لوک داستان سوہنی مہینوال پر مبنی شاہکار فن پارے کو سو برس مکمل ہوگئے۔ یہ فن پار ہ استاد اللہ بخش نے 1923میں پینٹ کیا تھا۔یہ فن پارہ 1996سے الحمراءآرٹ میوزیم قذافی سٹیڈیم میں آویزاں ہے اور یہ پینٹنگ دیکھنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے اور اس فن پارے سے استاد اللہ بخش کے تخیل کی بلند پروازی ملتی ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراءمحمد سلیم ساگر نے اس عظیم جدید آرٹسٹ کوزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ بخش کے بنائے ہوئے فن پارے آج بھی الحمراءآرٹ میوزیم کی زینت ہیں،ان کے کام کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ اپنے اندر پنہاں کہانی کو واضح کر دیتا ہے اور دیکھنے والے کے ذہن پر نقش ہو جاتا ہے،آج کے نوجوان آرٹسٹ نہایت دلچسپی سے اللہ بخش کے کام کر دیکھتے اور اس سے سیکھتے ہیں۔استاد اللہ بخش کی بنائی ہوئی تصاویر میں زندگی و فطرت کا خوبصورت رنگ نمایا ں ہے،وہ تزئین پر زیادہ روز دیتے ہیں،ان کے فن پارے پائیدار خیال کا مظہر ہیں،پنجاب کی دیہی زندگی،ثقافتی ورثہ،شعری ادب پر بنائے گئے فن پارے عام دیکھنے والوں کے بھی لطف کا باعث ہیں۔ ممتاز آرٹسٹ استاد اللہ بخش نے اپنی پوری زندگی پینٹنگ کے لئے وقف کی،وہ آسمانِ فن کا درخشندہ ستارہ تھے،ابتدائی عمر سے ہی باوقار آرٹسٹ کے طور پر جاننے جاتے تھے،ہزاروں فن پارے بنائے جو مقبول ہوئے اور آج بھی دیکھنے والوں کے لئے آرٹ کی تحریم ہیں۔الحمراءآرٹ کونسل انکے کام کو نئی نسل کومنتقل کرنے کاعلم بلند کئے ہوئے ہے۔

ای پیپر دی نیشن