لاہور(لیڈی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ صنفی مساوات ملکی ترقی کی ضامن ہے اس کی عدم موجودگی میں کوئی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی اگرہم بین الاقوامی سطح پر ترقی کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے معاشرے اور تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوان نسل مختلف ہنر سیکھ کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وہ گزشتہ روز گورنمنٹ کوئین میری گریجوایٹ کالج میں ”صنفی مساوات کے فروغ اور منصفانہ ومساوی معاشرے کے قیام میں دونوں کے کردار“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پرچیف کوآرڈی نیٹر پی ایم ایل این مزمل محمود،سابق ارکان پنجاب اسمبلیحنا پرویز بٹ اورسلمیٰ شاہین، ڈائریکٹر کالجز زاہد میاں،ڈی پی آئی کالجزڈاکٹر سید انصر اظہر، کالج پرنسپل ڈاکٹر ثمرہ عمران و دیگر بھی موجود تھے۔ مزمل محمود نے کہا کہ ایک انصاف پسند اور متحمل معاشرے کے قیام کے لیے مرداور عورت کے لیے متوازی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پرانے خیالات اور تہمات پاکستان کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں آج کے دور میں بھی کچھ شعبوں کو صرف مردوں تک محدود رکھا گیا ہے۔ جیساکہ سیاست میں عورتوں کو خوشدلی سے تسلیم نہیں کیا جاتا تاہم اب حالات کچھ بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں اور اس کا اندازہ ہم اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اب مختلف شعبہ زندگی میں مردو خواتین شانہ بشانہ کام کرتے نظر آرہے ہیں۔ڈاکٹر انصر اظہرکا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں نوجوان نسل کی اکثریت پائی جاتی ہے اور صنفی مساوات کے فروغ کے حوالے سے نوجوان نسل کا کردار نہایت اہم ہے اس موقع پر انھوں نے تحریک پاکستان میں عورتوں کے کردار سے متعلق بیا ن کرتے ہوئے محترمہ فاظمہ جناح کی مثال دی کہ کس طرح انھوں نے اس تحریک میں اپنے بھائی محمد علی جناح کا ساتھ دیا۔پرنسپل ڈاکٹر ثمرہ عمران نے معاشرے کو درپیش مسائل کے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ان مسائل کے حل کے لیے معاشرے میں موجودتمام افراد کو یکساں لگن کے ساتھ محنت کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم مرد و خواتین دونوں کو بہترین تعلیم کے ذریعہ با اختیار اور کامیاب انسان بنانے کے ساتھ ساتھ اچھا شہری بھی بنا سکے ہیں جو کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور وقار کو بلند کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے میں اہم ہے۔بعد ازاں مہمانان کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور انہوں نے کالج کے لان میں یادگاری پودے لگائے۔تقریب میں سیکشن ہیڈز کوآرڈینیٹرز شعبہ جات کے سربراہان اور سٹاف ممبرز نے بھی شرکت کی۔
صنفی مساوات ملکی ترقی کی ضامن ہے:انوشہ رحمن
Jul 12, 2023