لاہور(نیوز رپورٹر) بھارت نے پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے دریائے ستلج اور دریائے چناب میں ایک بار پھر سیلابی پانی چھوڑ دیا ہے۔ اس طرح سے بھارت پاکستان کو تباہ، زرعی زمینوں کو برباد اورلاکھوں کو بے گھر کرنا یا ان کو ہلاک کرنا چاہتا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ بھارت کی آبی جارحیت کا فوری سدباب کرے اور عالمی اداروں میں آواز بلند کرے بصورت دیگر لاکھوں پاکستانیوں کے گھر اجڑ جائیں گے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوجائے گی اور بہت بڑی تعداد میں لوگ جان بحق ہوجائیں گے۔ان خیالات کااظہار سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا پاکستان میں زرعی انقلاب برپا کرنے کافیصلہ خوش آئند ہے پوری قوم آرمی چیف کے اس فیصلے کا دل وجان سے خیر مقدم کرتی ہے لیکن پاکستان میں زرعی انقلاب اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا ہے کہ جب تک بھارت کے پاکستان پر ہونے والے آبی حملوں کو نہ روکا جائے۔