لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار کی بندر بانٹ، ایک دوسرے کو راضی کرنے کی بجائے غریبوں کے مسائل حل کیے جائیں۔ مہنگائی کے خلاف دھرنے دینے والے آج خاموش ہیں، 13سیاسی جماعتیں 15مہینوں میں ایک شعبے میں بھی بہتری نہ لاسکیں۔ سیاست چند خاندانوںکے گرد گھومتی ہے، فیصلے ملک سے باہر ہوتے ہیں، اسمبلیاں ربڑ سٹمپ ،کوئی آئین کی حکمرانی کے لیے تیار نہیں، حالات اسی طرح رہے تو جمہوریت مستحکم ہو گی نہ ملک آگے بڑھ سکے گا۔ انتخابات صاف اور شفاف نہ ہوئے تو نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ انصاف کے اداروں پر حیرانی ہے کہ جیسے ہی کوئی اقتدار میں آتا ہے اس کے سارے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی قرآن کے نظام کے لیے جدوجہد کررہی ہے، اسی مقصد کے لیے پاکستان آزاد ہوا۔ امیر جماعت نے کہا کہ قوم نے اپنی تقدیر کا فیصلہ خودکرنا ہے، آزمائے ہوئے چہروں کو مزید نہ آزمایا جائے، لوگ ووٹ کی طاقت سے ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کریں، یہ ملک شہزادے اور شہزادیوں کی حکمرانی کے لیے نہیں بنا، عام پڑھے لکھے شخص کو اسمبلیوں میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم جماعت اسلامی کے ساتھ تعاون کرے، بہتری کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے جو اقتدار میں آ کر پاکستان کو کرپشن فری اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔
سراج الحق
اسمبلیاں ربڑ سٹمپ، فیصلے ملک سے باہر ہوتے ہیں: سراج الحق
Jul 12, 2023