اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے گزشتہ روز سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو اپنی جامع عملی پالیسی فیصلوں سے آگاہ کیا جنکے تحت پاک فضائیہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول اور انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن کے ساتھ ساتھ آپریشنل اور تربیتی شعبوں میں بہتر بنا کر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ایئر چیف نے کہا کہ مسلم دنیا کا مرکز اور ایک بہترین تزویراتی شراکت دار ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو کہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور بےمثال دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں ممالک کے مابین قائم بھائی چارے کے رشتے کا ذکر کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ سعودی عرب کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیشرفت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں معزز مہمان نے تربیتی شعبے سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوابازی کی صنعت میں باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ اور سعودی عرب کے سفیر کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے موجودہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ملاقات