راولپنڈی (جنرل رپورٹر ) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے نمائندہ وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کی جبکہ سیکرٹری محرم کمیٹی عزاداری سیل حسن کاظمی، علامہ سید قمر حیدر زیدی، شوکت عباس جعفری، ارشاد علی نقوی، مولانا ملک اجلال حیدری شامل تھے، ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پارا چنار کے تشویشناک حالات اور عزاداری پر پابندیوں پر تشویش سے آگاہ کِیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے وفد کی معروضات کو بغور سُن کر ان پر مثبت عملدامد کا وعدہ کِیا اور کہا کہ حکومت تمام مکاتبِ فکر کے حقوق کی یکساں ادائیگی پر یقین رکھتی ہے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارا چنار کے مسئلے پر وزیرِ اعظم کو آگاہ کر کے امن و امان کیلئے بھرپور کوشش کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسلمان نواسہ رسولؐ کا عزادار ہے ہم خود جلوسوں میں سبیل لگاتے ہیں،سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ چار دیواری کے اندر مجالس پر پابندیوں کا نوٹس لِیا جائے، خطِ موسویؒ پر قائم رہتے ہوئے اپنے آئینی حقوق کی سلبی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے شیعہ مطالبات اور مکتبِ تشیُع میں پائی جانیوالی بے چینی و اضطراب کی طرف متوجہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی جانب سے پیش کردہ مطالبات پر فوری عملدامد کرے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی ہمارے منشور کا حصہ ہے جسکے لیے ہم تمام مکاتبِ فکر کو ساتھ لیکر چلیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔