اسلام آباد(نا مہ نگار)ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اریسمس پلس اسکالرشپ پروگرام کے تحت اسکالرشپ جیتنے والے طلباء کے اعزاز میں قبل ازروانگی تقریب کا انعقاد کیا۔ ایک سو بیانوے(192) پاکستانی طلباء نے اس سال اسکالر شپس جیتے ہیں اور وہ جلد مختلف یورپی جامعات میں حصول تعلیم کے لیے روانہ ہوں گے۔ اریسمس منڈس اسکالرشپس جیتنے والے طلباء کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔ دنیابھر کے 128ممالک کے 2,835طلباء اس سال اسکالرشپس کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ قبل از روانگی تقریب میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل، پاکستان میں یورپین یونین رکن ممالک کے وفد کے ڈپٹی ہیڈ تھامس سیلر، یورپی ممالک کے سفارتخانوں کے نمائندگان، پروگرام کے فارغ التحصیل اسکالر، اور اسکالرشپ جیتنے والے طلباء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شائستہ سہیل نے اسکالرشپ جیتنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی۔