اسلام آباد (نا مہ نگار)کم آمدنی والے نجی تعلیمی ادارے معیاری شرح خواندگی بڑھانے میں حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت میں آوٹ آف سکول بچوں کی تعداد کو ان اداروں کی مدد سے کم کیا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کے لئے بنائی گئی ریگولیٹری اتھارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر ضیا بتول نے پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے مرکزی عہدیداران سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس این کی مینجمنٹ کے ساتھ ملکر سکول پرنسپلز کی نیڈبیسڈ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا جس سے معیار تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں آسانیاں پیدا ہونگی۔ پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اسلام آباد کے مرکزی و بانی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے چیئرپرسن کو بتایا کہ ہم نے پاکستان میں پہلی بار اپنے تھنک ٹینک اور وزارت تعلیم کے ایکسپرٹ کی معاونت سے انٹرنیشنل معیار کانیڈ بیسڈ گوگل فارم ڈیویلپ کیا ہے جس سے سستی اور معیاری تعلیم کے صحت مندانہ مقابلے کی فضا پیدا ہوگی۔ پی ایس این کے 14زونز میں اپنی مدد آپ کے تحت سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ گول مراکز قائم کرکے انکلوسیو ایجوکیشن کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔میٹنگ میں مرکزی جنرل سیکرٹری مقبول حسین ڈار ،سنئیر نائب صدر و چیئرمین اسلام آباد بورڈ آف ایجوکیشن چوہدری محمد ارشد اور نائب صدر حاجی عبدالندیم مغل بھی شریک ہوئے علاہ ازیں چیئرپرسن پیرا کی معاونت محترمہ نیلوفر اور ملک سہیل محمود نے کی۔