محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ بارشوں کا سبب بننے والی ہوائیں آج بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث آج سے 17 جولائی تک مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام اور رات کے دوران اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 سے 17 جولائی تک آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور بالائی پنجاب میں برسات ہو گی۔ اسی دوران بارکھان، لورالائی، سبی، ژوب قلات، خضدار، لسبیلہ سمیت بلوچستان کے مخلتف شہروں میں بھی بادل برسیں گے۔موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اسی تناظر میں محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29۔4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 ہے جب کہ جنوب سے مغرب چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹا ہے۔محکمہ موسمیات نے آج شام شہر میں بوندا باندی کے امکانات ظاہر کردیے جب کہ جولائی کے آخر میں بارشوں کی پیشگوئی بھی کردی۔