لاہور میں تین منزلہ گھرمیں شارٹ سرکٹ کے باعث خوفناک آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں 6 بچے، تین خواتین، ایک مرد شامل ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق لاہور کے بھاٹی گیٹ کے محلہ سمیاں میں صبح سویرے ایک گھر شارٹ سرکٹ سے آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تین منزلہ گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیاجس کے نتیجے میں 10جھلس کر جاں بحق ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ فائر بریگیڈ نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ گھر میں ظہیرالدین بابر کی فیملی رہائش پذیر تھی، جھلس کر مرنے والوں میں ظہیرلدین کا ایک بیٹا، ایک بیٹی، بہو، پوتے پوتیاں شامل ہیں، مرنے والوں میں 6 بچے، تین خواتین، ایک مرد شامل ہے جن میں 60 سالہ سائرہ بانو زوجہ ظہیر الدین،بیٹی فرانہ ، 13 سالہ سیماب، ثانیہ اور اس کا بیٹامونو، 16 سالہ عادل، انزل فاطمہ ولد وارث علی، شامل ہیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آتشزدگی سے انسانی جانوں کے نقصان پر پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کمشنر لاہورڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی اور آتشزدگی کے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔