راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ژوب میں دہشت گردوں نے گیریژن کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا، بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران 4اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گیریژن کے علاقے میں علی الصبح شدید حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تنصیبات میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دہشت گردوں کو ایک جگہ تک محدود کردیا گیا ہے۔ اسی فائرنگ کے دوران 3مسلح دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ بقیہ 2 کی تلاش جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بقیہ 2 دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے جس کے دوران 4اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا رواں برس مارچ کے دوران کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بڑی مقدار میں دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔