لاہور(کامرس رپورٹر)قدرتی گیس کی قلت، نئے کنکشنز پر پابندی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں ایل پی جی پر بڑھتی ہوئی انحصار کے پیش نظر، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ایل پی جی کے محفوظ استعمال ’’زیرو مہلک حادثات‘‘ کے عنوان سے ایک قومی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں پٹرولیم ڈویژن کے سینئر افسران، اسلام آباد پولیس، موٹرویز پولیس، سول ڈیفنس اور ایل پی جی سیکٹر کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز ، اوگرا کے چیئرمین مسرور خان، ممبر آئل، ممبر فنانس، اور اوگرا کے ایل پی جی اور انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ٹیم نے بھی شرکت کی۔ اوگرا کے چیئرمین مسرور خان نے کہا ملک بھر میں شہروں سے لے کر دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر مضبوط حفاظتی پروٹوکولز کی فوری ضرورت ہے۔ یہ سیمینار ان حفاظتی خدشات کو دور کرنے کیلئے صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں، آلات کے مینوفیکچررز، اور صارفین کو اکٹھا کر کے ایل پی جی کے استعمال میں بہترین طریقوں کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے۔