لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کے بعد ٹیم میں بھی سرجری کا امکان ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کوچز کی رپورٹ میں جن کھلاڑیوں کی نشاندہی کی گئی انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق کوچز نے ٹیم میں گروپ بندی سمیت کئی سنگین خرابیوں کی نشاندہی کی، مینجمنٹ کے بعد گروپنگ اور خراب ڈسپلن میں ملوث بعض کھلاڑی راڈار پر آگئے۔وائٹ بال کرکٹ کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن اور اظہرمحمود نے رپورٹ میں چند کھلاڑیوں کو غیرسنجیدہ قراردیدیا۔ شاہین شاہ آفریدی کے حالیہ نامناسب رویے نے کوچز اور بورڈ حکام کو پریشان کر دیا ہے جس کے باعث ان کیخلاف سخت کارروائی کا امکان ہے۔ کوچز نے بھی کچھ کھلاڑیوں کے درمیان غیر سنجیدہ رویہ کی اطلاع دی ہے جس سے ٹیم کا ماحول مزید خراب ہو رہا ہے۔ یہ اندرونی اختلاف اور کھلاڑیوں کے درمیان نظم و ضبط کا فقدان ٹیم مینجمنٹ کیلئے اہم خدشات بن گیا ہے۔
شاہین سمیت سینئر کرکٹرز کیخلاف شکنجہ تیار، قومی ٹیم میں بھی ’’سرجری‘‘ کا امکان
Jul 12, 2024