شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے آئی پی پیز کے معاہدوں کی منسوخی اور کیپسٹی چارجز کے نام پر قومی خزانے سے لوٹ مار کرنے کیخلاف سپریم کورٹ میں انسانی بنیادی حقوق کے تحت رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے مطالبہ کیا کہ اس رٹ پٹیشن کو فوری سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے کیپسٹی چارجز کی ادائیگی کو فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اختر ڈار نے کہاکہ انہوں نے پہلے آئی پی پیز کے معاہدوں پر چیف جسٹس، وزیر اعظم سمیت تمام ا رکان اسمبلی کو خطوط لکھے تھے جن میں ان پرائیویٹ بجلی گھروں کے معاہدوں اور کیپسٹی چارجز پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے سد باب کیلئے کوئی مثبت پیشرفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چند سالوں کے اندر 8ہزار 344ارب ڈالر آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز کی مد میں ادا کئے گئے۔