اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) صوبہ خیبر پی کے کے ضلع پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پانے والے دونوں جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کی سب ڈویژن حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے رہائشی سپاہی بدام گل شہید اور ڈسٹرکٹ صوابی کے رہائشی سپاہی محمد ادریس شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔