لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی نے کل ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والا دھرنا مؤخر کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی قیادت سے رابطہ کرکے دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی جس پر جماعت اسلامی نے آج 12 جولائی کا دھرنا مؤخر کر دیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایام عاشورہ کی وجہ سے دھرنے کی تاریخ تبدیل کی ہے، دھرنا اب 26 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگا، کل 12 جولائی کو ملک بھر میں تمام شہروں میں احتجاج ہوگا اور کیمپ لگیں گے۔ 14 کو مختلف شہروں میں دھرنے ہوں گے، 24 جولائی کو مختلف شہروں سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلز نے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ حکمراں کہتے ہیں سخت فیصلے کرنے ہیں لیکن انہوں نے اپنے بجٹ میں 25 فیصد انتظامی اخراجات بڑھادیئے، قوم سوال کرتی ہے کہ اپنے اخراجات یہ کیوں کم نہیں کرتے، روزانہ 56 ارب روپے قرض لیا جا رہا ہے، قوم نے کیپسٹی چارجز کے نام پر 42 ارب ڈالر آئی پی پیز کو ادا کیے، زرداری اور بھٹو فیملی نے اپنی جاگیروں پر کتنا ٹیکس دیا ہے سامنے لائیں۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں ہمارے کارکن موجود ہیں۔ محرم الحرام کا موقع ہے، علماء کرام نے ہم سے رابطہ کیا اور گزارش کی عاشورہ کے بعد اس دھرنے کو رکھ لیا جائے۔
عاشورہ: جماعت اسلامی کا دھرنا 26 جولائی تک ملتوی، آج ملک بھر میں احتجاج
Jul 12, 2024