خود کش حملے، فرقہ واریت حرام: عبدالخبیر آزاد، کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سے ملاقات 

Jul 12, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز خان بگٹی اور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی  مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کوئٹہ میں ملاقات کی جس میں محرم الحرام میں قیام امن، وحدت امت، مذہبی ہم آہنگی و رواداری، احترام انسانیت، تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ، بلوچستان کے عوام غیور، ایماندار اور محب وطن اور پْر خلوص ہیں، محرم الحرام میں امن کو قائم رکھنا تمام مکاتب فکر کے علماء  کرام و مشائخ عظام اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس نے دہشت گردی، انتہا پسندی، خود کش حملوں اور فرقہ واریت کو حرام قرار دیا ہے اور ہم اس پیغام کو ہر گھر کی آواز بنا دیں گے، افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دے کر ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ بلوچستان تشریف لائے۔ آپ کا مشن اور ہمارا مشن ایک ہے، ہم ایک متحد قوم بن کر دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں