پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم نے حلف اٹھا لیا، مریم نواز کی شرکت 

Jul 12, 2024

لاہور (خبرنگار) جسٹس مس عالیہ نیلم نے لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے  عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی سادہ و پر وقار تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس سید شہباز علی رضوی سمیت عدالت عالیہ لاہور کے دیگر فاضل جج صاحبان، وفاقی و صوبائی لاء افسران، صوبائی سیکرٹریز، انتظامی افسران، وکلاء رہنما، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ چودھری عبدالرشید عابد، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری عبہر گل خان، ڈی جی جوڈیشل اینڈ کیس مینجمنٹ تنویر اکبر، سیشن جج ہیومن ریسورس ساجد علی اعوان سمیت لاہور ہائی کورٹ کے افسران اور فاضل چیف جسٹس کے عزیز و اقارت بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھا۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کے لاہور ہائی کورٹ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چودھری عبدالرشید عابد نے فاضل چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کیا اور پولیس کے چوک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں فاضل چیف جسٹس نے ججز لاؤنج میں عدالت عالیہ کے تمام ججز کے ساتھ ملاقات کی اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے اپنا لائحہ عمل پیش کیا۔ پاکستان بار کونسل کے وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ماہر قانون احسن بھون نے کی۔ وفد میں ممبران پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی اور حفیظ الرحمن چودھری  شامل تھے۔ پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر معروف ماہر قانون احسن بھون نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ملک کی وکلا تنظیمیں آپ کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں