لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جام پور کے کالج کی طالبہ کو سب سے پہلے ای- بائیک کی علامتی چابی دیکر چیف منسٹر یوتھ اینیشیٹو، ای بائیک پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ مریم نواز نے وہیکل انسپکشن رجیم برائے پرائیویٹ وہیکل پراجیکٹ کا آغاز کیا اور پنجاب میں پہلے ای لوڈر رکشہ منیو فیکچرنگ لائسنس بھی دیا۔ مریم نوازشریف نے متعدد بڑے اعلانات کیے۔ ای بائیک پراجیکٹ فیز ٹو، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ سٹیشن قائم کرنے اور والدین کی شفقت سے محروم طلبہ کو بھی بائیکس دینے کا اعلان کیا۔ طلبہ کے لئے 25ارب روپے کے خصوصی سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے جلد اجراء اور ’’پنجاب گو گرین‘‘ ویژن کے تحت بتدریج الیکٹرک ٹرانسپورٹ پر منتقلی کے اعلانات کیے۔ وزیر اعلیٰ نے دوسرے صوبے کو بھی پنجاب کی تقلید میں طلبہ کے لئے ای بائیک پراجیکٹ شروع کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ سے ای بائیکس کا آغاز کیا ہے، اگلے فیز میں تعداد مزید بڑھائیں گے۔ بائیکس کی ڈائون پیمنٹ 40 ہزار میں سے 20 ہزار حکومت پنجاب دے گی۔ ایک لاکھ سے زائد درخواستیں آئیں، 27200 کو مل رہی ہیں، سب اضلاع کی یکساں نمائندگی ہے۔ ہماری کسی سکیم میں خواتین کا کوٹہ نہیں، 8 ہزار بچیوں کی درخواست آئی، سب کو دے رہے ہیں۔ مریم نواز نے بچیوں کو تلقین کی کہ بیٹیاں اپنی خود مختاری کے لیے بائیکس چلانا سیکھیں۔ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں لیپ ٹاپ دیں گے، لیپ ٹاپ کے ماڈل کی منظوری دے دی گئی ہے۔ طلباء جو اعلیٰ تعلیم افورڈ نہیں کر سکتے ان کے لیے 25 ارب کا سکالر شپ پروگرام لا رہے ہیں۔ بچوں کی تعلیم میری ذمہ داری ہے، کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر نہیں بیٹھے گا۔ بائیکس کی ماہانہ قسط نہایت کم رکھی، جن کے والدین حیات نہیں انکی والدین کی گارنٹی کی شرط ختم کر دی۔ مریم نوازنے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لیے دنیا بہت آگے چلی گئی، ہمیں بھی پنجاب گرین بنانا ہے۔ چاہتی ہوں کہ پنجاب بھی دنیا کی طرح الیکٹرک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہو جائے۔ پنجاب کے ہر شعبے کو گرین بنائیں گے۔ چوری اور فائر کے نتیجے میں ای بائیک کی بیٹری کی انشورنس بھی دی گئی۔ ایک بھی بائیکس سفارش پر نہیں دی گئی، ای بیلٹنگ کی گئی۔ ماحول دوست بس کے لیے دنیا کی معروف بس کمپنی سے ایم او یو سائن کیے ہیں۔ دسمبر تک 27 بسیں آ جائیں گی، خواب ہے کہ ہر شہر میں ماحول دوست گرین بس چلے۔ بائیکس کے ساتھ ہیلمٹ اور کائٹ پروٹیکشن دے رہے ہیں۔ طلباء بائیکس کو آہستہ چلائیں، اوور سپیڈ نہیں کرنی، ماں باپ کا خیال رکھنا ہے۔ پنجاب ترقی میں اور طلبا کو سہولیات دینے میں اور دیگر تمام شعبوں میں لیڈ کرے گا۔ محمد نواز شریف بھی بہت خوش ہیں کہ بچوں کو بائیکس مل رہی ہیں۔ ہم نے جلاؤ گھیراؤ اور گریبان پکڑنے والی سیاست نہیں کرنی۔ پنجاب کی یوتھ کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول دیکھنا چاہتے ہیں۔ پانچ سالوں میں طلبا کو جتنی سہولتیں دے پائی، انشاء اللہ دوں گی۔ مریم اورنگزیب سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر کام کر رہی ہیں۔ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، 4 ماہ میں طلباء کی آسانی کے لیے ماحول دوست اور خوبصورت بائیکس میسر ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ای بائیک حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو سٹیج پر بلا لیا اور باری باری بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ کو بائیکس کے ساتھ کھڑا کرکے تقریب سے خطاب کیا۔ طالبات کی خواہش پر وزیراعلی مریم نواز نے تصاویر بھی بنوائیں۔ مریم نواز شریف نے مختلف کمپنیوں کی ای - بائیک، سکوٹی، الیکٹریکل گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحول دوست ای وہیکل میں اظہار دلچسپی کیا اور گاڑی میں بیٹھ کر معائنہ کیا۔ مریم نواز شریف نے مری راولپنڈی ٹورسٹ گلاس ٹرین ویڈیو ڈاکومینٹری کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلی نے ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ آبادی میں اضافے کے وسائل اور ماحول پر اثرات کو سمجھنا ہو گا۔ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا خوشحالی کی دلیل ہے۔ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہئے۔ مریم نواز شریف نے چکوال میں کوئلے کی کان میں پانی بھرنے سے 4 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز شریف سے پی ٹی سی ایل گروپ کے صدر اور سی ای او حاتم باماترف اور گروپ چیف ریگولیٹری آفیسر نوید خالد بٹ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے لیے تعاون پر گفتگو کی گئی۔ حاتم باماترف نے وزیراعلیٰ کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کو سراہا اور تعاون کا یقین دلایا۔
ای بائیک پراجیکٹ کا افتتاح، طلبہ کیلئے 25 ارب کے سکالر شپ
Jul 12, 2024