اسلام آباد(وقائع نگار)سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا 70 واں اجلاس چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے سنیئر افسران نے شرکت کی،گذشتہ روز منعقدہ سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 4 ترقیاتی منصوبے منظوری کے لئے پیش کئے گئے.سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی نے سرینہ چوک خیابان سہروردی اور کنونشن سینٹر سر نگر چوک پر ٹریفک کے مسائل اور رش کے خاتمے کے لئے 4.56 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیاگیا.منصوبے کے تحت سری نگر ہائی وے، سرینہ چوک کے دونوں اطراف انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں گے، منصوبے کے تحت خیابان سہروردی کے ساتھ تین لوپس بھی تعمیر کئے جائیں گے،منصوبے کو 6 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا، تکمیل سے سرینہ چوک سہروردی روڈ سمیت سرینگر ہائی وے پر ٹریفک جام جیسے مسائل حل ہو جائیں گے، اجلاس میں جناح ایونیو اور 9th ایونیو انٹرسیکشن پر ٹریفک کے رش کو ختم کرنے کے لئے 3.9952 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا،منصوبے میں جناح ایونیو اور ابن سینا روڈ انٹرسیکشن پر ایک انڈر پاس، ایک فلائی اوور اور پروٹیکیٹڈ ٹرنز پر مشتمل ہوگا، اجلاس میں اسلام آباد فور ٹئیر ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لئے کنسلٹنٹ فرم ہائر کرنے کے لئے 53.03 ملین روپے کا پی سی ٹو بھی منظور کیا گیا.اجلاس میں انٹرپرائز ریسورس پلاننگ/ فنانشل مینجمنٹ سسٹم منصوبے کا 98.88 ملین روپے کا پی سی ون کی بھی منظوری دی گئی۔