پاکستان عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان پارلیمانی،سفارتی،اقتصادی و معاشی سطح پر دوطرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر بہترین تعاون موجود ہے۔ پاکستان اس شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے جرمن رکن پارلیمنٹ مائیکل مْلر کی سربراہی میں وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تبادلوں کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح باہمی روابط دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بھی زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح اور مختلف شعبوں میں رابطوں کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کااظہارکیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مزیدفروغ دینے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی طلباء کو اعلیٰ تعلیمی وظائف کی فراہمی پر جرمن حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے جرمن وفد کو ویزوں کے اجراء￿  میں غیر معمولی تاخیر کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے بھی آگا ہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ویزوں کے اجراء￿  میں غیر معمولی تاخیر کے مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے عالمی تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن