پاکستان چیمپیئنز ورلڈ چیمپیئنز آف لیجنڈز کے فائنل میں پہنچ گیا، سیمی فائنل میچ میں قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی۔پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپیئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کو جیت کیلئے 199 رنز کا ہدف دیا جو وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 178 رنز پر آل آوٹ ہو گئی۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین چیمپیئنز کی پہلی وکٹ پر 31 پر گری، کرس گیل 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، والٹن نے 19 اور اسمتھ نے 26 رنز بنائے، ایشلے نرس نے 36 رنز کی اننگز کھیلی.ریاد ویمرٹ نے نو گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ویسٹ انڈین چیمپیئنز آخری اوور میں 178 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سہیل خان نے 4 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔نارتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز چیمپیئنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان چیمپیئنز کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی، شرجیل خان، شعیب ملک صفر اور صہیب مقصود ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کامران اکمل اور یونس خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئی۔پاکستان چیمپیئنز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر198 رنزبنائے۔کپتان یونس خان 65 ، کامران اکمل 46 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عامر یامین 40 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کے فیڈل ایڈورڈز 3 اور سلیمان بین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔