پنجاب کےمختلف علاقوں میں بارش کےبعد موسم خوشگوارہوگیا تودوسری جانب تیزہواؤں کےباعث مختلف شہروں میں پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں شام گئے آندھی اور طوفان کےباعث معاملات زندگی معطل ہوکر رہ گئے، لاہور سے کراچی کیلئے شاہین اور پی آئی اے کی پروازمنسوخ جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک متعدد پروازیں ملتوی کر دی گئیں۔ دوسری جانب فیصل آباد، شورکوٹ کینٹ، وہاڑی اورعلی پورچھٹہ میں آندھی کےباعث متعدد سائن بورڈزگرگئے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ جہلم، کھیوڑہ اور نورپورتھل میں آندھی اور طوفان کےبعد بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوارہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج راولپنڈی، ہزارہ، سبی ڈویژن، گلگت اور کشمیر میں بارش ہوئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔