لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے نواز شریف، شہباز شریف اور سعد رفیق کی نااہلی کےلئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن کمشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست گزار شاہد اورکزئی کی جانب سے موقف اختیار کیاگیاکہ نواز شریف، شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں۔ اس کے باوجود مدعا علیہان کے کاغذات نامزدگی منطور کئے گئے حالانکہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ فاضل جج نے قراردیا کہ آپ کی درخواست ان سیاستدانوں کو الیکشن کےلئے نااہل قرار دلوانے کےلئے تھی، اب الیکشن بھی ہوچکے ہیں اور ان کو مختلف عہدوں پر منتخب بھی کر لیا گیا ہے لہٰذا اس مرحلے پر درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔