فیفا ورلڈ کپ کی خاص بات یہ ہے کہ ہر ایڈیشن میں ایک نیا سپر سٹار فٹبال ورلڈ کو ملتا ہے۔ عالمی شہرت کے حامل فٹبالرز کی ایک بڑی تعداد اس سال کے مقابلوں میں شریک ہے‘ جو اپنی اپنی ٹیموں کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں ان میں برازیل کے سٹرائیکر نیمار‘ ارجنٹینا کے لیونل میسی‘ انگلینڈ کے جیراڈ اور وین رونی‘ جرمنی کے مسیت اوزیل اور سمیع خضریا‘ پرتگال کے کرسٹینو رونالڈو‘ فرانس کے کریم بن زیما‘ فرانس کے ایبری‘ ہالینڈکے روبن‘ اٹلی کے پرلو‘ سپین کے چاپی اور انستا‘ آئیواری کوسٹ کے یحییٰ طورے‘ اٹلی کے بالو ٹیلی شامل ہیں۔ ان کے لاکھوں پرستاروں کی نظریں اس وقت فیفا عالمی کپ پر جمی ہوئی ہیں۔ اس وقت کرسٹینو رونالڈو کو دنیا کا سب سے قیمتی فٹبالر سمجھا جاتا ہے۔ فیفا پلیئر آف دی ائیر کرسٹینو رونالڈو جو پرتگال عالمی کپ جتوا سکتے ہیں ان کی بدقسمتی یہ ہے کہ وہ عالمی کپ کی تیاریوں کے دوران زخمی ہوگئے۔ 29 سالہ رونالڈو میکسیکو کے خلاف کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بھی حصہ نہیں لے سکے۔ پرتگال اپنے ورلڈکپ مہم کا آغاز اس سال کی فیورٹ اور سپر سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل جرمنی کے خلاف 16 جون کو کرے گا۔ رونالڈو نے اب تک اپنی قومی ٹیم کی جانب سے 110 میچز میں حصہ لیا اور ریکارڈ 49 گول سکور کئے۔ رونالڈو کے بعد شائقین کی نظر برازیلین سٹرائیکر نیمار جونیئر پر ہیں۔ متحرک اور شاندار ڈربلنگ کی صلاحیتوں کے حامل اس کھلاڑی نے نوجوانوں کی بڑی تعدادکو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔ نیمار کا مکمل نام نیمار ڈی سلوا سانتوز جونیئر ہے۔ 5 فروری 1992ء کو پیدا ہوئے‘ 22 سالہ اس نوجوان کا قد پانچ فٹ 9 انچ ہے۔ فارورڈ اور ونگر کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے نیمار نے48 میچوں میں13 گول بنائے ہیں۔ انگلینڈ کے سپر سٹار سٹیون جیراڈ اس وقت دنیا کے مانے ہوئے مڈ فیلڈ سمجھے جاتے ہیں۔ 30 جون 1980ء کو پیدا ہونے والے 6 فٹ کے اس نوجوان نے لیور پول کی جانب سے اپنے گول کی سنچری مکمل کی ہے جبکہ انگلش ٹیم کی جانب سے 110 میچوں میں 21 گول بنا سکے ہیں۔ جیراڈ اور وین رونی کی جوڑی میں اگر عالمی کپ کے دوران تال میل برقرار رہا تو انگلش ٹیم اپنے حریفوں کو مشکلات میں ڈال سکتی ہے۔ ارجنٹینا کے لیونل میسی کا شمار بھی موجودہ وقت کے خطرناک ترین فارورڈز میں ہوتا ہے۔ میسی 24 جون 1984کو پیدا ہوئے۔ 26 سالہ سابق فیفا پلیئر آف دی ائیر میسی نے ارجنٹینا کی جانب سے 85 میچوں میں 37 گول کئے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن سپین کے سپر سٹار 30 سالہ اینڈریاز انستا بھی اس وقت خطرناک ترین مڈ فیلڈ مانے جاتے ہیں۔ انستا نے 96 مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی اور 12 گول سکور کئے۔ 2010ء عالمی کپ کے فائنل میں اپنے فیصلہ کن گول کی بدولت انستا راتوں رات ہسپانوی قوم کے ہیرو بن گئے۔ سابق عالمی چیمپیئن اٹلی کے اینڈریا پرلو اپنی ٹیم کے لئے خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ پرلو اٹلی کی نمائندگی کرتے ہوئے 108 میچز میں 13 گول کرسکے ہیں۔ کرنٹ چیمپیئن سپین کے فارورڈ فرننڈو ٹورس بھی نوجوانوں کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ ٹورس نے 107 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور 36 گول بنائے۔فرنچ ٹیم کے دراز قد فارورڈ کریم بن زیما کاشمار بھی عالمی کپ کے سپر سٹارز میں ہوتا ہے۔ 26 سالہ کریم نے فرانس کی 65 میچوں میں نمائندگی کی ہے اور 19 گول بنا سکے ہیں۔ پروفیشنل ریال میڈرڈ کی کامیابیوں میں بھی ان کابڑا حصہ ہے۔ موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے اس بات کا امکان ہے کہ کریم بن زیما عالمی کپ 2014ء کے مقابلوں میں اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کریںگے۔ فرانس کے 31 سالہ ونگر فرینک ایبری بھی عالمی سرکٹ کے اہم کھلاڑی ہیں‘ مگر بدقسمتی سے وہ عالمی کپ سے صرف 6 دن قبل پریکٹس سیشن میں زخمی ہو کر فرنچ سکواڈ سے آئوٹ ہوگئے۔ سپر فٹ ٹیم جرمنی کے مسیت اوزیل کا تعلق بھی موجودہ دور کے طاقتور ترین مڈ فیلڈرز میں ہوتا ہے۔ ترک نژاد جرمن نوجوان اوزیل نے اب تک 55 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے‘ 25 سالہ اوزیل نے 17 گول بنائے ہیں۔ پانچ فٹ 11 انچ قد کے اس نوجوان کی پلے میکنگ صلاحیتوں نے ان کو جرمن ٹیم کا یقینی حصہ بنا دیا ہے۔ جرمن سپر سٹار مارسلیوف کلوز اپنی ٹیم کے سب سے تجربہ کار سٹار ہیں‘ اب تک انہوں نے 132 میچوں میں جرمنی کی نمائندگی کی اور 69 گول سکور کئے۔ 2002ء اور 2010ء کے عالمی کپ کے دونوں ایڈیشن میں پانچ پانچ گول سکور کرکے ٹاپ سکورر کا ایوارڈ حاصل کیا اور تین عالمی کپ کے ایڈیشن 2002ء ‘ 2006ء اور 2010ء میں مجموعی طورپر 14 گول سکور کئے۔
دنیائے فٹ بال کے سپر سٹار کھلاڑی
Jun 12, 2014