چکوال (نامہ نگار) امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے تمام دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارتی حکومت اور امریکہ ملوث ہے اور امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے اور سانحہ کراچی ایئرپورٹ میں جو اسلحہ اور ادویات برآمد ہوئیں ہیں وہ بھارت سے آئی ہیں۔ جس سے ہمارے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں جو بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔ وہ دارالسلام چکوال میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اس وقت پاکستان کسی بھی انتشار کو متحمل نہیں ہو سکتا ہمیں اپنے ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات عزیز ہونے چاہیئں، انہوں نے اعلان کیا اگر بھارت نے دہشتگردی بند نہ کی تو پھر دکن حیدر آباد بلکہ پورے بھارت میں جہادی کارروائیاں ہونگی اور کشمیر اس کا دروازہ بنے گا۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہا کہ پاکستان حکومت بھارت کے ساتھ دوستی بڑھانے کیلئے اسے تحائف بھیج رہی ہے جبکہ وہ اپنے مزموم مقاصد سے مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے۔ اس موقع پر مقامی امیر مولانا عبداللہ نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپس کے چھوٹے موٹے اختلافات ختم کر کے پاکستان میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنی ہے جبکہ اسلام دشمن عناصر پاکستان میں ترقی اور استحکام نہیں دیکھ سکتے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔