ابوجا (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کی تما م صورتوں کی مذمت کرتا ہے۔ یہ ایسی لعنت ہے جس کا مقابلہ ہمیں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی بنیادوں پر کرنا چاہئے۔ نائیجریا تیل اور گیس کے شعبوں میں تحقیق، پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں ڈاؤن سٹریم گروتھ، گیس پائپ لائین بچھانے توانائی کے شعبوں میں ری سٹرکچرنگ کے میدان میں پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرسکتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے ادارے منصفانہ اور جمہوری بنانے کیلئے تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ سکیورٹی کونسل کے رکن کی حیثیت سے نائیجریا کے قائدانہ کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ صدارتی محل میں نائیجیریا کے صدر ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی ضیافت سے خطاب کررہے تھے۔ ضیافت میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیدا وار رانا تنویر حسین، پاکستانی وفد کے ارکان نائیجریا کی ریاستوں کے گورنرز، ارکان پارلیمنٹ، مذہبی اور سیاسی وسماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کی تما م صورتوں کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی ایسی لعنت ہے جس کا مقابلہ ہمیں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی بنیادوں پر کرنا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا مغربی افریقی اقوام کے اتحاد کے صدر جوناتھن نے جو خدمات سرانجام دی ہیں، پاکستان انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اسی طرح انہوں نے جمہوریت کے فروغ اور اقتصادی ترقی کیلئے جو کردار ادا کیا ہے، اس کی بھی قدر کرتا ہے۔صدرپاکستا ن نے اس موقع پر نائیجیریا کے اتحاد کی صد سالہ تقریبات پر بھی نائیجیریا کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔