امریکی ادارے مورگن سٹینلے کا پاکستان کو 2016ء کی جائزہ رپورٹ میں شامل کرنے کا عندیہ

Jun 12, 2015

اسلام آباد (اے پی پی) سٹاک مارکیٹ اعداد و شمار (انڈیکس) اور اقتصادی جائزہ پیش کرنے والے ممتاز امریکی ادارے مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) نے پاکستان کو 2016ء کی اپنی جائزہ فہرست میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ وال سٹریٹ جرنل میں ’’پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کا درجہ حاصل ہونے کا عندیہ‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد پاکستان کی معاشی مارکیٹ میں بہتری آئی ہے اور ’’ایم ایس سی آئی‘‘ آئندہ سال پاکستان کا درجہ بڑھا کر ’’ابھرتی ہوئی مارکیٹ‘‘ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایم ایس سی آئی نے گزشتہ 12 سے 18 ماہ میں پاکستان میں بہت سی مثبت تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنی 2016ء جائزہ فہرست میں شامل کرے گا ، ایم ایس سی آئی میں پاکستان کی شمولیت اس کے عالمی اعتماد میں اضافہ کرے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون 2013ء میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت برسراقتدار آئی تو کم شرح نمو، بہت زیادہ افراط زر‘ بجلی کا بحران اور زرمبادلہ کے ذخائر کی ابتر صورتحال جیسے مسائل موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے تاہم حکومتی کوششوں کے باعث افراط زر کی شرح میں بہت تیزی سے کمی آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اطمینان بخش سطح پر آ چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حکومت اب ورثے میں ملنے والی تین فیصد کی شرح نمو کو اپنی پانچ سالہ مدت کے اختتام تک شرح نمو کو 7 فیصد تک لے جانے کا مشن رکھتی ہے۔ آئی ایم ایف کو توقع ہے کہ رواں سال شرح نمو4.3 فیصد جبکہ اگلے سال 4.7 فیصد تک لے جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ملک کودرپیش سب سے بڑا چیلنج توانائی کی قلت پر قابو پانا،محصولات میں اضافہ اور ٹیکس دائرہ کار بڑھانا بھی اہم چیلنجز ہیں محصولات کا موجودہ حجم مجموعی ملکی پیداوار کا صرف10 فیصدہے۔آئی ایم ایف نے 2013میں پاکستان کو 6.6 ارب ڈالر قرضہ دیا،آئی ایم ایف نے پاکستان کیساتھ پروگرام جاری رکھنے پررضامندی ظاہرکی ہے ۔فریقین نے اتفاق کیا کہ اصلاحات کے ایجنڈا پرموثرعملدرآمد پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں بدل دیگا، رپورٹ کے مطابق چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کررہا ہے۔بالخصوص توانائی اورانفراسٹرکچرکے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری سے ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کراچی سٹاک مارکیٹ نے حالیہ برسوں میں نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مئی 2013ء کے انتخابات سے اس نے 70 فیصد سے زائد اضافہ حاصل کیا۔ پاکستان 2008ء میں ایم ایس سی آئی کی فہرست میں آخری نمبر پر تھا اب جائزہ رپورٹ میں اس کی شمولیت سے مثبت اثر پڑے گا۔

مزیدخبریں