بھارتی دھمکیوں کیخلاف جماعة الدعوة کی اپیل پر آج ملک گیر یوم احتجاج منایا جائیگا

Jun 12, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعة الدعوة کی اپیل پر بھارتی دھمکیوں کے خلاف آج جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا اور لاہور، اسلام آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پشاور سمیت چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں ضلعی سطح پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاںنکالی جائیں گی۔ حافظ محمد سعید کی اپیل پر علماءکرام نریندر مودی کے پاکستان کو دولخت کرنے کے اعترافی بیان اور بھارتی دھمکیوں کو خطبات جمعہ کا موضوع بنائیں گے اور مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت پاک چین راہداری منصوبہ اور مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘ یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کو گیدڑ بھبھکیاں لگانے میں مصروف ہے۔ آج جمعہ کے دن ملک میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں سے ہم بھارتی دھمکیوں کے خلاف بھرپور تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں پر مشتمل نظریہ پاکستان رابطہ کونسل بھی تشکیل دی جارہی ہے۔ بھارت نے میانمار میں گھس کر کارروائی کر کے دنیا کا ردعمل چیک کرنے کی کوشش کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس پر جنون طاری ہے لیکن اسے یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ مودی نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ڈھاکہ میں واجپائی کا ایوارڈ وصول کرتے وقت جو باتیں کیں انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعات کے ذریعے عوام الناس میں زبردست بیداری کا ماحول پیدا کریں گے۔

مزیدخبریں