نئی دہلی/اسلام آباد(آئی اےن پی) بھارتی فوج کے جنرل (ر) اشوک مہتا نے اپنی حکومت کے پاکستان مخالف دھمکی آمیز بیانات کو بےہودہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے میں اس سے اتفاق نہیں کرتا، میں لفظوں کی جنگ میں شریک نہیں ہونا چاہتا، جیسا فوجی آپریشن میانمار میں کیا گیا پاکستان میں ایسی ہی کارروائی کی دھمکیاں دینا کافی بیہودہ ہے، میں اس کے ساتھ ہوں نہ اسے ٹھیک سمجھتا ہوں، دیگر ممالک ترقی کر رہے ہیں بھارت اور پاکستان آپس کے جھگڑوں میں الجھے ہوئے ہیں، ہم اپنا وقت برباد کر رہے ہیں۔ پاکستان نے بہت دکھ اور دہشتگردی دیکھی ہے، ترقی کرنا اور معاشی طور پر مضبوط ہونا پاکستان کا حق ہے۔ پاکستانی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے کالموں میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت پر زور دیتا رہا ہوں لیکن یہاں مذاکرات کے بجائے جنگ کی بات کرنے والوں کی زیادہ سنی جاتی ہے۔ ہمارے ٹی وی چینلز کو کبھی کبھی نشہ چڑھ جاتا ہے، پاکستانی اور بھارتی قیادت کو ایک دوسرے کو للکارنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کے بالکل خلاف ہیں، جنگ کی باتیں کرنے والوں کو نہیں معلوم جنگ کیا ہوتی ہے، انہیں اس کے نقصانات کا اندازہ نہیں۔ جتنا جلد ہو سکے دونوں ممالک کو مذکرات شروع کرنے چاہیئں۔