کراچی سٹاک مارکیٹ : زبردست تیزی‘ سرمایہ کاری میں 62 ارب روپے سے زائد اضافہ ایمرجنگ مارکیٹس میں پھر شامل کرنیکا عندیہ

کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+کامرس رپورٹر) مورگن اسٹینلے کی جانب سے کراچی سٹاک مارکیٹ کو ایمرجنگ مارکیٹس میں شامل کرنے کے عندیے کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو مارکیٹ میں تیزی دیکھی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 34300 اور 34400کی نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 62 ارب 78 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 270.86 پوائنٹس اضافے سے 34594.70 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین سٹاک کے مطابق آٹھ سال پہلے کراچی سٹاک ایکسچینج کو ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹس سے نکال دیا گیا تھا۔تاہم مورگن اسٹینلے نے ایک مرتبہ پھر کراچی سٹاک مارکیٹ کو ایمرجنگ مارکیٹ میں شامل کرنے کاعندیہ دیا ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انہوں نے بڑے پیمانے پر حصص خریداری کی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی ۔ مجموعی طور پر 385 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 62 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ 88 ہزار 801 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 74 کھرب 49 ارب 84 کروڑ 58 لاکھ 76 ہزار 290 روپے ہوگئی ۔لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز تیزی کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر91کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 36.89 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ5797.53 بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 20 لاکھ 54 ہزار 700حصص کا کاروبار ہو ا۔
جبکہ گزشتہ روز27لاکھ 15ہزار 100حصص کا لین دین ہوا تھا۔

ای پیپر دی نیشن