آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب کا چودہ کھرب سنتالیس ارب روپے کا بجٹ, تنخواہوں اور پنشن میں ساڑھے سات فیصد اضافہ

پنجاب اسمبلی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون وزیرخزانہ نے بجٹ پیش کیا۔ آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم 14 کھرب، 47 ارب 24 کروڑ روپے رکھا گیا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 400 ارب، تعلیم کے شعبے کے لئے 310 ارب 20 کروڑ، جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 150 ارب، صحت کے لئے 166 ارب اور امن وامان کے لئے 110 ارب 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیرخزانہ کے مطابق بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت کے تحت مجموعی طورپر صوبے میں توانائی کے 618 ارب روپے کے منصوبے زیرتکمیل ہیں اور ان منصوبوں میں پنجاب حکومت 218 ارب روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہے جبکہ بجٹ میں سڑکوں پر اور پلوں کی تعمیر کے لےئے 69 ارب روپے، توانائی کے شعبوں کے لئے 34 ارب، لاہور میں اورنج ٹرین کے لئے 10 ارب،سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے 20 ارب، محکمہ آبپاشی کے لئے 50 ارب 83 کروڑ، لائیو اسٹاک کے لئے 8 ارب 59 کروڑ ، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کے لئے 70 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے دیہات سے ہوگا۔
صوبائی بجٹ میں براہ راست ترسیلات کی مد میں وفاق سے 30 ارب 40 کروڑ روپے حاصل ہوں گے، کل آمدنی کا تخمینہ ایک ہزار440 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ ایک ارب روپے رجب طیب اردوان اسپتال کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب عوام کو بلاسود قرضوں کیلیے 2 ارب، پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ کیلیے 3 ارب، اسپتالوں میں مفت ادویات کیلیے10 ارب 82 کروڑ، کسانوں کو ٹریکٹردینے کےلیے 5 ارب، محکمہ پولیس کے لیے 94 ارب 62 کروڑ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت بڑے شہروں میں جدید سہولیات کے لئے16 ارب 36 کروڑ، 26 ارب روپے کی لاگت سے ملتان میٹروبس منصوبہ مکمل کیا جائے گا ۔بجٹ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر کے لئے 67 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ساڑھے 7 فیصد اور میڈیکل الاؤنس میں 25 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نےبتایا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کیلئے 15 فیصد کوٹہ مقررکیا گیا ہے،سرکاری ملازمتوں میں خواتین کی عمر کی حد میں تین سال رعایت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 18 سے 20 تک کے ڈاکٹروں کی 10 ہزار آسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ انہوں نے پنجاب میں کم ازکم تنخواہ 12 ہزار سے بڑھا کر 13 ہزار کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن