فیصل آباد/ منڈی فیض آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے ٹریکٹر تو ٹریکٹر ہوتا ہے اور ٹرالی، ٹرالی ہوتی ہے چاہے وہ اسمبلی کے اندر ہو یا باہر، چار پہیوں والی ہو یا دو والی اسے اس کے نام سے ہی پکارا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے اس بجٹ میں ٹریکٹر ٹرالی کی قیمتوں میں واضح کمی کی ہے جس سے کسان خوشحال ہوا ہے۔ فیسکو ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا بجلی کی 17ہزار 49 میگاواٹ ریکارڈ پیداوار ہو رہی ہے جو آئندہ دو ماہ تک 18ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی جس کے بعد لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔ رمضان المبارک میں سحر و افطار میں بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور آج رمضان لوڈشیڈنگ مینجمنٹ اجلاس ہوا جس میں طے کیا گیا ہے جن علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی وہاں رات کو تین گھنٹے بجلی بند کی جائے گی تاکہ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنے والوں اور عبادت گزار حضرات کے لئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا جن علاقوں میں لائن لاسز پچاس فیصد سے کم ہوں گے وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھایا جائے گا جبکہ جن علاقوں میں زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے وہاں فیسکو بجلی کی فراہمی بند کر کے سامان اتار لے گا۔ وہ خواجہ آصف کی معافی کے متعلق سوال کو گول کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف انشاء اللہ عید سے پہلے وطن واپس آجائیں گے۔ مزید براں منڈی فیض آباد سے نامہ نگار کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا شیریں مزاری بدتمیز عورت ہیں جب یہ کسی کے ساتھ زیادتی کرتی ہیں تو انہیں کسی قسم کا خیال نہیں رہتا کوئی انہیں ہدایت کی بات بھی کرتا ہے تو یہ بات کا بتنگڑ بنا لیتی ہیں۔ میں خواجہ آصف کی جگہ ہوتا تو کبھی اس سے معافی نہ مانگتا۔ انہوں نے کہا پانامہ لیکس کا ایشو ایک ڈرامہ تھا اور عمران خان کا نام اس میں آنے پر یہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ طاہر القادری کا مقصد ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا ہوتا ہے۔ انہوں نے پھر دھرنا دینے کی کوشش کی تو لوگ ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ بلدیاتی نمائندوں کو بہت جلد اختیارات دے دئیے جائیں گے۔
عابد شیر ؍ رانا ثناء
ٹریکٹر ٹریکٹر ہوتا ہے، ٹرالی، ٹرالی اسمبلی میں ہو یا باہر: عابد شیر علی میں ہوتا تو معافی نہ مانگتا: رانا ثناء
Jun 12, 2016