اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن افضل خان نے کہا ہے کہ ریاض کیانی پر دھاندلی کا الزام واپس نہیں لیا، میں نے صرف ان کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگی ہے، دھاندلی پر کلین چٹ نہیں دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق افضل خان نے کہا ریاض کیانی کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگی ہے، ان پر لگائے گئے الزام واپس نہیں لئے‘ الیکشن میں دھاندلی کے ذمہ دار فخر الدین جی ابراہیم اور ارکان ہی تھے، میں نے پہلے دن سے جو کہا تھا اپنے ایک ایک الزام پر قائم ہوں اور 2013ء کے انتخابات میں جو الیکشن کمشن کے ارکان نے دھاندلی کرائی اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ ریاض کیانی 79سال کے ہیں اور ان کی عمر کے احترام میں معافی مانگی مگر الزامات واپس نہیں لئے۔ ادھر ممبر الیکشن کمشن پنجاب جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی نے کہا ہے کہ افضل خان جو کچھ کہتے ہیں کہتے رہیں۔ انہوں نے عدالت اور وکلا کے سامنے مجھ سے معافی مانگی۔ سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن افضل خان کی معافی اور بعد میں دئیے گئے بیان پر ردعمل میں جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی نے کہا ہے کہ میری جانب سے معاملہ ختم ہو گیا ہے‘ سال 2013ء کے انتخابات کو ملکی اور غیرملکی مبصرین نے بھی درست قرار دیا تھا۔
افضل خان/ کیانی