کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور ر ضا نے کہا کہ سندھ کے بجٹ میں کراچی کو اس کے ترقیاتی کاموںاور کراچی کے شہریوں کے حقوق کو نظرانداز کیاگیا ہے اورصرف لفظوں کے جادوسے کام لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والے جس دن جاگ گئے وہ دن دشمنان کراچی کا اور سائیں مراد کا آخری دن ہوگا۔ حکومت سندھ نوشتہ دیوار پڑھ لے۔ کراچی کو پیاسا مارنے کی پالیسی نہیں چلے گی۔ کراچی کوپوراپانی دیا جائے۔ اس شہرکے لوگ بھی انسان اورپاکستانی ہیں۔ وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ماہ رمضان میں ہی اپنے وزیراعلیٰ ہونے کا عملی ثبوت دیں۔ منوررضا نے کہا کہ لاڑکانہ کو کھنڈر بنانے والے اور 90 ارب کی کثیررقم ہڑپ کرنے والے اب کراچی کے ساتھ بھی ایسا ہی منفی کھیل کھیلنے کی تیاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی تمام اسکیموں اورکراچی کاپورابجٹ کراچی کے لئے استعمال کیا جائے۔ ورنہ کراچی کے منتخب بلدیاتی نمائندے اور کراچی کے لوگ آپ کو معاف نہیں کریں گے‘ لہذا اہل کراچی کا حق اس کا پیسہ‘ اس کی اسکیمیں اوراس کا پانی پورا دو۔ اس موقع پرناصرا لدین محمود‘ عمر بٹ‘ محمد جاوید میاں‘ خواجہ مختار بٹ‘ نعمان ہاشمی‘ چوہدری ا نور و دیگربھی موجودتھے۔