ٹوکیو(صباح نیوز)شیخ رشید کو ماضی میں فروخت کی گئی گاڑی کے بائیس لاکھ روپے مانگنے کے لیے پارلیمنٹ کے سامنے الجھ کر شہرت حاصل کرنے والے ملک نور اعوان کی حمایت میں مسلم لیگ ن جاپان ،مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ جاپان اور پاکستان ایسوسی ایشن جاپان سمیت کئی تنظیمیں سامنے آگئیں۔مسلم لیگ (ن)جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ ملک نور اعوان نے شیخ رشید سے اپنے حق کے پیسے مانگ کر حق کی بات کی ہے اور دنیا کی ہر جمہوریت اس بات کی اجازت دیتی ہے لیکن پاکستان میں انہیں حق کی بات کرنے پر حوالات کی ہوا کھانا پڑی ہے ، پھر بھی وہ اپنے حق کی آواز کو بلند کررہے ہیں لہذا ن لیگ جاپان ان کے حق کے لیے آواز بلند کرے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔اس موقع پر ن لیگ یوتھ ونگ جاپان کے صدر علی کلیار نے کہا کہ ملک نور نے ظالم کے سامنے سر نہ جھکا کر جاپان میں پوری پاکستانی کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کردیاہے جو ن لیگ کا شیر ہونے کی نشانی ہے۔پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے صدر شیخ ذوالفقار اور جنرل سیکریٹری رحیم آرائیں نے کہا کہ ملک نور اعوان نے اپنے حق کی رقم مانگی ہے ۔تاہم اگر حکومت یا عدلیہ معاملے کی تحقیقات کے لیے کوئی کمیٹی بھی بناتی ہے تو پاکستان ایسوسی ایشن اس تحقیقات میں بھرپور تعاون کرے گی ۔دریںاثناء سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جاپان میں ن لیگ اووسیز کے جنرل سیکرٹری شیخ قیصر سے رابطہ کرلیا۔ ایاز صادق نے قیصر محمود سے نور اعوان اور شیخ رشید کے تنازعہ پر بات کی۔ سپیکر ایاز صادق نے شیخ قیصر سے گفتگو میں کہا کہ رکن قومی اسمبلی پر الزامات سے دکھ ہوا حقائق جاننا چاہتا ہوں جواب میں شیخ قیصر نے ایاز صادق کو کہا کہ ثابت کریں گے کہ شیخ رشید کے خلاف الزامات درست ہیں، اگلے ہفتے پاکستان آئیں گے اور اس ضمن میں تمام ثبوت پیش کریں گے۔
شیخ رشید سے حق مانگا، نور اعوان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: مسلم لیگ (ن ) جاپان
Jun 12, 2017