لنڈی کوتل ( صباح نیوز) لنڈی کوتل کے علاقہ خوگہ خیل میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی شخص گھر کے اندرقتل، ملزمان واردات کے بعد فرار، علاقے میں خوف و ہراس ، دو مختلف واقعات میں چھ افراد گرفتار کر لئے گئے۔ سلطان خیل میں فورسز نے آئی ڈی بم ناکارہ کر دیا۔ لنڈی کوتل کے علاقہ خوگہ خیل میں گزشتہ رات نا معلوم مسلح افراد نے ایک مقامی شخص سعید ولد گل علی شنواری کو قتل کردیا ذرائع نے بتایا کہ مقتول کو مسلح افراد نے گھر کے اندر قتل کر دیا جبکہ بعض ذرائع نے بتایاکہ مقتول نے ان سے بھاگ کر کسی پڑوسی کے گھر میں پناہ لی تاہم ادھر بھی ان کا پیچھا کیا گیا اور گھر کے اندر قتل کر دیا گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور دو مختلف واقعات میں چھ افراد گرفتار کر لئے ہیں۔ اتوار کے روز سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تاکہ اصل ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے ادھر پولیٹیکل انتظامیہ نے بتایا کہ خوگہ خیل کے واقعہ میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں گزشتہ رات سکیورٹی فورسز نے خیبر سلطان خیل کے علاقے میں نا معلوم افراد کی طرف سے رکھے گئے آئی ڈی کو ناکارہ کر دیا۔