اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) اپوزیشن جماعتوں کا بجٹ اجلاس کے آئندہ کے اہم مراحل سے متعلق مشاورتی اجلاس آج (پیر کو) پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا ، پاکستان پیپلزپارٹی ، پاکستان تحریکانصاف، ایم کیو ایم ، جماعت اسلامی ، فاٹا کے اراکین شریک ہوں گے ، قومی اسمبلی میں آئندہ کے حکومتی اخراجات کے لئے مطالبات زر کی منظوری ، ان پر کٹوتی کی تحریکوں پر بحث ،ضمنی بجٹ اور فنانس بل 2017-18کی منظوری سے متعلق مراحل کے بارے میں اپوزیشن جماعتیں اپنی حکمت عملی پر مشاورت کریں گی ۔ اجلاس اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی صدار ت میں ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی اس اہم کاروائی کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے پارٹی قیادت سے بھی رجوع کر لیا ہے کیونکہ کورم کے مسئلے سے دوچار حکومت کو بجٹ اجلاس کی اس اہم کاروائی کے دوران اپوزیشن جماعتیں اسے مزید ٹف ٹائم دینا چاہتی ہیں۔