اسلام آباد (اے پی پی) قومی تاریخ اور ثقافتی ورثہ ڈویژن کے زیراہتمام رواں ماہ ملک کی پہلی ڈیجیٹل اردو لغت کا اجراءکیا جائے گا۔ اردو ڈکشنری بورڈ کے سربراہ عدیل عباس جعفری نے ’’اے پی پی“ کو بتایا کہ اس سلسلے میں تمام تر کام مکمل کرلیا گیا ہے اور گوگل سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ مختلف ایپلیکیشنز کے ذریعہ اردو لغت تک رسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اردو لغت سے استفادہ کرنے والوں کی سہولت کیلئے ویب پورٹل بھی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ میں 70سے زائد افراد نے کام کیا ہے جو مقررہ وقت میں کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات اور قومی ورثہ ملک میں قومی زبان کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔