اسلام آباد (وقائع نگار) میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کو 2 ارب 45کروڑ 19 لاکھ 90 ہزار 187 روپے کے واجبات جمع کروانے کے لیے سات دن کی مہلت دے دی ہے۔واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت مےں آئےسکو کے خلاف آپرےشن کرنے کا فےصلہ کےا گےاہے ےہ واجبات آئیسکو نے ایم سی آئی کو اوپن سپیس کو استعمال کرنے کی مد میں ادا کرنے ہیں جس کی ادائیگی کے لیے سات دن کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئیسکو نے یہ واجبات 2000 ءسے 2017 ءکے دورانیے میں اوپن سپیس کے کرایہ کی مد میں ادا کرنے ہیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ان واجبات کی ادائیگی کے لیے آئیسکو کو بذریعہ خط اطلاع دی گئی تھی تاہم اس سلسلے میں کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ ایم سی آئی کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے ڈپٹی مینیجر (پی ایم سی) آئیسکو ہیڈ کوارٹر کو ایک شو کاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ سات یوم کے اندر واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ آئیسکو حکام کو یہ بات بھی بتائی گئی ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں سی ڈی اے آرڈیننس 1960 ءکے سیکشن نمبر49-A کے مطابق قانونی کاروائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ سخت اقدامات بشمول میونسپل سروسز واٹر سپلائی ،سیوریج اور دیگر سروسز بھی معطل کر دی جائیں گی۔ سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئیسکو کی کسی قسم کی زمین کے انتقال اور دیگر درخواستوں پر عمل درآمد کرنے سے پہلے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن سے رجوع کریں۔
آئیسکو کو 2ارب 45کروڑ 19لاکھ 90ہزار کے واجبات جمع کرانے کیلئے 7دن کی مہلت
Jun 12, 2017