مضر صحت خوراک کھلانا حقوق العباد کی نفی ہے، خدا بھی معاف نہیں کرتا: دوست محمد خان

Jun 12, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ)خیبرپی کے کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے اپنے سرکاری دوروں کا آغاز کے پی فوڈاتھارٹی سے کیا، اتھارٹی کے چیئرمین و ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش اور ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا،گیٹ پر موجود بچوں نے وزیراعلیٰ کو پھول پیش کئے۔ وزیراعلیٰ نے دفتر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اتھارٹی کے عملہ سے ملے ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے وزیراعلیٰ کو ادارے کے قیام، آپریشنز، ضلعی دفاتر اور دیگر امور پر بریفنگ دی جس پر وزیراعلیٰ نے مختصر عرصہ میں ادارے کی فعالیت کی تعریف کی اور اسے مزید فعال بنانے کیلئے حکومتی ارادے کا اعادہ کیا، بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ آڈیٹوریم گئے جہاں، چیمبرآف کامرس اور دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیدارن سمیت میڈیا کے نمائندے اور اتھارٹی کے اہلکار بھی موجودتھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ جسٹس (ر)دوست محمد خان نے تاجروں اور میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ کے پی فوڈ اتھارٹی کے قیام سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور ایسے اداروں پر عوام کا اعتماد ہونا چاہئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اور عوام کا زیادہ تر بجٹ صحت کی مد میں خرچ ہوتا ہے جس کی بڑی وجہ ملاوٹ شدہ خوراکوں کی دستیابی ہے۔ وزیراعلیٰ دوست محمد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مضر صحت خوراک کھلانا حقوق العباد کی نفی ہے جسے خدا بھی معاف نہیں کرتا، خراب چیز کو اچھی پیکنگ میں پیش کرنا دھوکہ دہی کے زمر ے میں آتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی دیہاتوں میں ترسیل کرنے والے ہول سیل ڈیلرز پرکھڑی نظر رکھی جائے جبکہ سیاحتی مقامات پر کے پی فوڈ اتھارٹی کے سب آفسزکے قیام پر شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خوراک کی مد میں ریلیف دینا چاہیے تاکہ ان کے معالجے کا خرچ کم ہو۔ وزیراعلیٰ نے اچھی کارکردگی دکھانے والے تاجران کو انعامات اور تعارفی اسناد دینا بھی تجویز کیا اور کہا کہ کی فراہمی پر انسینٹیو دئیے جائیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمبرآف کامرس کے صدر زشاہد شنواری نے کے پی فود اتھارٹی کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد پر اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں